|

وقتِ اشاعت :   July 19 – 2025

کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان، چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ زہری نے بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے قلات میں قومی شاہراہ پر مسافر کوچ پر فائرنگ، آواران اور کوئٹہ میں ہونے والے دہشتگرد حملوں کی شدید مذمت کی ہے، جن میں پاک فوج کے میجر ربنواز اور میجر انور کاکڑ شہید ہوئے نواب ثناء اللہ زہری نے کہا کہ حکومت کو قیامِ امن کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، خاص طور پر قومی شاہراہوں پر پیش آنے والے افسوسناک واقعات نے صوبے میں سفر کو انتہائی خطرناک بنا دیا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ سیکیورٹی اداروں کو بھرپور اختیارات اور تعاون فراہم کیا جائے تاکہ دہشتگردوں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکے انہوں نے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہاتھ مضبوط کرے تاکہ امن و امان کی بحالی ممکن ہو سکے نواب ثناء اللہ خان زہری نے دہشتگردی کے ان واقعات میں شہید ہونے والے افسران اور دیگر افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔