کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پارود میں فتنہ الہندوستان سے منسلک دہشتگرد عناصر کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور کامیاب کارروائی پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا ہے
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشتگردوں کی نقل و حرکت پر فوری ردعمل اور کارروائی قابل تحسین ہے سیکیورٹی اداروں نے ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور مستعدی سے دشمن کے ناپاک ارادے ناکام بنائے اور بلوچستان کے امن کو درپیش خطرے کو مؤثر انداز میں ٹال دیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ریاست کے دشمنوں کے خلاف ہر محاذ پر کارروائی جاری رہے گی اور بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے عزائم ایک بار پھر خاک میں ملائے گئے ہیں بلوچستان کے غیور عوام سیکیورٹی اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں میر سرفراز بگٹی نے پارود میں کارروائی کرنے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے تحفظ اور استحکام کے لیے دی جانے والی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی
دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر بلوچستان میں قتل کی جانے والی ایک خاتون اور مرد کے قاتلوں تک رسائی حاصل کر لی گئی ہے جبکہ مقتولین کی شناخت بھی ہو چکی ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ”ایکس” پر واقعہ سے متعلق بتایا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ عید سے چند روز قبل پیش آیا تھا
جس کی ویڈیو حال ہی میں منظر عام پر آئی ویڈیو سامنے آنے کے بعد اس گھناؤنے جرم پر پولیس کو فوری کارروائی کی ہدایت کی گئی جس پر ریاست کی مدعیت میں دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور لڑکی کے قتل میں ملوث ایک مشتبہ قاتل کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس وحشیانہ واقعے پر قانون اپنا راستہ لے گا انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ کیس کو مکمل سنجیدگی سے آگے بڑھایا جائے تاکہ مجرموں کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دلوائی جا سکے۔