|

وقتِ اشاعت :   July 22 – 2025

تربت: صوبائی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات، میر ظہور احمد بلیدی کے زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیچ، بشیر احمد بڑیچ تربت سٹی ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کے انجینئر قاسم گچکی، محکمہ اربن پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے انجینئر عبدالرو ف بلوچ، بی اینڈ آر کے انجینئر عبید شاد، ایکسئین واپڈا، ایس ڈی او واپڈا مہیم خان سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران اور ٹھیکیدار نے شرکت کی اس اجلاس میں صوبائی وزیر کو تربت سٹی ڈویلپمنٹ پروجیکٹ، اربن پلاننگ، بی اینڈ آر اور دیگر جاری ترقیاتی اسکیموں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں تحصیل بلیدہ سمیت ضلع کیچ میں جاری منصوبوں کی موجودہ صورتحال، درپیش رکاوٹیں اور حل طلب امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا صوبائی وزیر نے ہدایت دی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے اور مقررہ وقت میں ان کی تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے ڈپٹی کمشنر کیچ کو یہ بھی ہدایت دی کہ تمام ترقیاتی اسکیموں کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے اور بند یا تاخیر کا شکار منصوبوں کے حوالے سے فوری رپورٹ پیش کی جائے۔ غیر سنجیدہ یا سست روی کے شکار ٹھیکیداروں کو وارننگ جاری کی جائے،

اور اگر وہ اپنی ذمہ داریاں مقررہ وقت میں مکمل کرنے میں ناکام ہوں تو ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے صوبائی وزیر نے واپڈا حکام کے ساتھ ضلع کیچ میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور بجلی فراہمی کے دیگر مسائل کے حل کے لیے بھی تبادلہ خیال کیا، اور ان مسائل کے مستقل حل کے لیے مربوط حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔