|

وقتِ اشاعت :   July 30 – 2025

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نے مراد محمد مری کی ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ تقرری پر سخت نوٹس لیتے ہوئے مبینہ اختیارات کے غلط استعمال کی شکایت پر چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم کو فوری انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند کے مطابق وزیراعلیٰ نے واضح ہدایت جاری کی ہے کہ انکوائری رپورٹ ایک ہفتے کے اندر پیش کی جائے، تاکہ معاملے کی مکمل چھان بین ممکن بنائی جا سکے۔

ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ کی ہدایات پر فوری عمل درآمد کرتے ہوئے بورڈ آف ریونیو نے 29 جولائی کو جاری کردہ مراد محمد مری کی تقرری کا نوٹیفکیشن منسوخ کر دیا ہے۔ تقرری کا حکم نامہ واپس لے لیا گیا ہے اور متعلقہ اداروں اور افسران کو باقاعدہ طور پر اس فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

حکومتی اعلامیے کے مطابق یہ اقدام مکمل طور پر قانون، ضابطے اور شفافیت کے اصولوں کے مطابق کیا گیا ہے۔ ترجمان شاہد رند نے کہا کہ حکومت بلوچستان کسی بھی قسم کے غیرقانونی یا اختیارات کے غلط استعمال کو برداشت نہیں کرے گی اور تمام معاملات میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔