|

وقتِ اشاعت :   August 5 – 2025

کوئٹہ: طلبہ تنظیموں کا مشترکہ اجلاس، زیر صدارت مرکزی چیئرمین بی ایس او پجار بوہیر صالع بلوچ، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں بی ایس او کے مرکزی سیکرٹری جنرل صمند بلوچ، پشتون اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے صوبائی صدر طاہر شاہ کاکڑ، اور پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زونل سیکرٹری وارث افغان نے شرکت کی۔
اجلاس میں زرعی یونیورسٹی کے خلاف سازش اور بلوچستان کے دیگر تعلیمی اداروں کی صورتحال پر تفصیلی بحث کی گئی۔
اجلاس میں زرعی یونیورسٹی کی بحالی، یونیورسٹی کی عمارت پر صوبائی حکومت کے قبضے، اور وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ زرعی یونیورسٹی کے قیام کے لیے سیاسی اور آئینی جنگ لڑی جائے گی۔
ہم کسی بھی ادارے کی مخالفت نہیں کرتے، مگر زرعی یونیورسٹی کے قیام کے لیے مخصوص عمارت کو کسی چھوٹے ادارے کے حوالے نہیں کیا جا سکتا۔

اگر صوبائی حکومت واقعی بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے سنجیدہ ہے تو نیوٹک کے لیے کسی دوسری عمارت کا بندوبست کرے۔ زرعی یونیورسٹی کی عمارت کو نیوٹک کے حوالے کرنا بلوچستان کی زراعت کے مستقبل کو تاریکی میں دھکیلنے کی سازش سمجھی جائے گی، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اجلاس میں طلبہ تنظیموں کے درمیان مزید رابطے قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں بی ایس او پجار، بی ایس او، پی ایس او اور پی ایس ایف کے ذمہ داران موجود تھے۔