|

وقتِ اشاعت :   August 14 – 2025

کوئٹہ: یوم آزادی کے موقع پر بلوچستان حکومت نے انسانیت اور ہمدردی کے جذبے کے تحت قیدیوں کے لیے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے سزاؤں میں 60 دن کی رعایت کا اعلان کر دیا۔

ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قیدیوں کی سزا میں ساٹھ روزہ تخفیف کی منظوری دے دی ہے، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ یہ خصوصی رعایت بلوچستان کی تمام جیلوں اور عدالتی حراستی مراکز کے سزا یافتہ قیدیوں پر لاگو ہوگی۔

البتہ اس رعایت کا اطلاق سنگین جرائم میں ملوث قیدیوں پر نہیں ہوگا۔ ترجمان کے مطابق ملکی سلامتی کے خلاف جرائم، دہشت گردی، قتل، زیادتی، اغوا، ڈکیتی یا دیگر سنگین جرائم میں سزا یافتہ افراد اس سہولت سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔

محکمہ داخلہ بلوچستان کا کہنا ہے کہ رواں سال پہلے ہی خصوصی معافی حاصل کرنے والے قیدی بھی اس رعایت کے مستحق نہیں ہوں گے۔

ترجمان شاہد رند نے مزید کہا کہ اس فیصلے کا مقصد جشنِ آزادی کی خوشیوں میں قیدیوں اور ان کے اہل خانہ کو شامل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت قیدیوں کی اصلاح اور انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے کے لیے سہولیات فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہے۔