کو ئٹہ:بلو چستان ہا ئی کورٹ کے چیف جسٹس جناب روزی خان بڑیچ اور جسٹس جناب سردار احمد حلیمی پر مشتمل بنچ نے حکومت بلوچستان کو ہدایت کی ہے کہ وہ پبلک ٹرانسپورٹ کی معطلی کا حکم فوری طور پر واپس لیتے ہو ئے 31اگست 2025تک موبائل نیٹ ورک/ڈیٹا معطلی کے حکم پر نظرثانی کرے اورجن علاقوں میں کوئی سیکیورٹی خدشہ نہیں ہے
وہاں فوری طور پر موبائل نیٹ ورکس/ڈیٹا کی سہولت بحال کی جائے۔ یہ حکم عدالت کے بنچ نے گزشتہ روز چیئرمین بلوچستان کنزیومر سول سوسائٹی خیر محمد شاہین کی جا نب سے بلو چستان میں پبلک ٹرانسپورٹ اور مو با ئل نیٹ ورک /ڈیٹا کی معطلی کے خلاف دائر آئینی درخواست کی سما عت کے موقع پر دیا ۔گزشتہ روز سما عت کے دوران درخواست گزار خیر محمد شاہین ،اے سی ایس محکمہ داخلہ بلو چستان حمزہ شفقات ،ایڈووکیٹ جنرل(AG) عدنان بشارت بمعہ ظہور احمد بلو چ ،ایڈیشنل اٹارنی جنرل (DAG) فرید احمد ڈوگراور انوار نسیم کا سی ڈپٹی ڈائریکٹرپا کستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) بمعہ جمیل احمد خان اور وزارت داخلہ کے نما ئندے عمر سعید ، فریق نمبر ایک کی جا نب سے ڈاکٹر پرویز خان ایڈووکیٹ پیش ہو ئے۔ عدالت کے جا ری کر دہ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آرڈر 1رول 10 CPCکے تحت ایک درخواست انٹر وینیر محمد نعیم خان نے دائر کی جسے ریکارڈ پر لے لیا گیا ۔عدالت فریقین کی جا نب سے جمع کرائے گئے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیا اور انہیں ہدایت کی کہ وہ آئندہ تاریخ پر تفصیلی جواب جمع کروائیں۔
اے سی ایس محکمہ داخلہ بلو چستان حمزہ شفقات نے بتا یا کہ پبلک ٹرانسپورٹ سروسز کو عارضی طور پر معطل کیا گیا، عدالت نے کہا کہ یہ بیان کسی معقول وجہ کے بغیر ہے لہذا حکومت بلوچستان کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ پبلک ٹرانسپورٹ کی معطلی کا حکم فوری طور پر واپس لے جہاں تک موبائل نیٹ ورک اور ڈیٹا کی معطلی کا تعلق ہے تو اس با بت AGنے بتایا کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر عاشورہ کے موقع پر موبائل نیٹ ورک معطل کیے گئے تھے فریقین نے عدالت کو بتا یا کہ حکومت بلوچستان نے 31اگست 2025تک پورے صوبے میں موبائل نیٹ ورکس/ڈیٹا بند رکھنے کا حکم دیا ہے
اور جب ایڈووکیٹ جنرل اور اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری سے سوال کیا گیا کہ کیا پو رے بلو چستان میں سیکیورٹی تھریٹس ہے؟ تو انہوں نے وضاحت دی کہ سیکیورٹی خدشات صرف چند مخصوص علاقوں میں ہیں جس پر عدالت نے قرار دیا کہ حکومت بلوچستان اپنے 31اگست 2025تک موبائل نیٹ ورک/ڈیٹا معطلی کے حکم پر نظرثانی کرے جن علاقوں میں کوئی سیکیورٹی خدشہ نہیں ہے وہاں فوری طور پر موبائل نیٹ ورکس/ڈیٹا کی سہولت بحال کی جائے ۔بعد ازاں آ ئینی درخواست کی سما عت 21اگست تک ملتوی کر دی گئی ۔