|

وقتِ اشاعت :   August 19 – 2025

 

بلوچستان کے ضلع کچھی میں موسلادھار بارش کے باعث کوئٹہ-سبی شاہراہ بند ہوگئی۔ حکام کے مطابق بی بی نانی کے مقام پر کوئٹہ سبی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کچھی نے کہا ہے کہ مسافر کوئٹہ سے سبی کے لیے سفر نہ کریں، کوئٹہ اور گرد و نواح میں ہلکی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، ہرنائی اور گردونواح کے علاقوں اور پہاڑی سلسلوں میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش جاری ہے۔

ندی نالوں میں سیلاب کے پیش نظر تمام محکموں کو الرٹ جاری کردیا گیا، ڈیرہ بگٹی میں بارش کے دوران ایف سی کے اہلکار نے عوام کو درپیش مشکلات کے وقت عوام کے ساتھ شانہ بشانہ موجود رہے اور ہر ممکن مدد فراہم کی۔

اس کے علاوہ بلوچستان کے شہروں خضدار، آواران، لسبیلہ، پسنی، گوادر، پنجگور، کیچ، شیرانی، پشین، قلعہ عبداللہ، ڈیرہ بگٹی، نصیر آباد، قلات، بارکھان، قلعہ سیف اللہ، ژوب، موسیٰ خیل، مستونگ، لورالائی اور کوہلو میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔