|

وقتِ اشاعت :   August 20 – 2025

پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کابل میں پاکستان، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کے چھٹے سہ فریقی اجلاس کے موقع پر افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ ملاوی امیر خان متقی سے دوطرفہ ملاقات کی۔ دونوں وزرا نے اپنے ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انھوں نے 21 مئی 2025 کو بیجنگ میں ہونے والے سہ فریقی اجلاس کے دوران طے پانے والے معاہدے کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان حال ہی میں سفارتی نمائندگی کے درجہ میں چارج ڈی افیئرز سے سفیر کے درجہ تک ہونے والی ترقی کا خیرمقدم کیا۔

نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے سیاسی اور تجارتی تعلقات میں حوصلہ افزا پیش رفت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ ’سکیورٹی کے شعبہ خاص طور پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پیش رفت ابھی مطلوبہ رفتار سے ہونا باقی ہے۔‘

انھوں نے افغان سرزمین سے کو استعمال کرنے والے دہشت گرد گروہوں کی جانب سے پاکستان کے اندر دہشت گردانہ حملوں میں حالیہ اضافہ کی طرف توجہ دلائی اور افغان حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے)، مجید بریگیڈ جیسے گروہوں کے خلاف ٹھوس اور قابل تصدیق اقدامات کریں۔

افغان قائم مقام وزیر خارجہ نے اس عزم کی تجدید کی کہ افغانستان اپنی سرزمین کو کسی بھی دہشت گرد گروہ کے ذریعہ پاکستان یا دیگر ممالک کے خلاف استعمال ہونے نہیں دے گا۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے چھٹے سہ فریقی ڈائیلاگ کی کامیاب میزبانی پر انھیں مبارکباد دی۔