کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی مشیر برائے بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے کوئٹہ میں پیش آنے والے دھماکے میں سیاسی کارکنوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے
مشیر بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے کہا کہ سیاسی کارکنان جمہوری عمل میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان پر حملہ کرنا ایک انتہائی بزدلانہ اور قابل مذمت فعل ہے
انہوں نے شہداء کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اس دکھ کی گھڑی میں ان کے ساتھ ہے مشیر بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے محکمہ صحت کی جانب سے بروقت اور موثر اقدامات کو سراہا اور کہا کہ انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنے میں محکمہ صحت کے عملے نے مثالی کردار ادا کیا ہے
انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، تاہم کوئٹہ میں پیش آنے والا حالیہ واقعہ انتہائی دلخراش سانحہ ہے
جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سیکیورٹی اداروں کو مزید موثر اور متحرک انداز میں کام کرنے کی ضرورت ہے نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان میں سیاسی ماحول کو فروغ دینے میں تمام جماعتوں کا کردار رہا ہے اور سیاسی کارکنوں کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔