کوئٹہ : نیشنل پارٹی کے سابق سیکرٹری جنرل سینیٹر جان محمد بلیدی کی زیر صدارت پشتونخوامیپ کے مرکزی سیکرٹریٹ میں آل پارٹیز کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں پشتونخوامیپ کے ڈپٹی چیئرمین عبدالرئوف لالا، مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال، اے این پی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی ، رشید خان ناصر، نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اسلم بلوچ، بی این پی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات آغا حسن بلوچ، غلام نبی مری ، تحریک انصاف کے ڈویژنل صدر نور خان خلجی ، زین العابدین خلجی ، مجلس وحدت المسلمین کے حاجی غلام حسین ضلعی جنرل سیکرٹری، فرید احمد ضلعی رابطہ سیکرٹری، جماعت اسلامی کے نائب صدر کوئٹہ جمیل احمد مشوانی، حمید اللہ منصوری اور دیگر رہنماء شریک تھے ۔
اجلاس میں ممتاز قانون دان سنیٹر کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ نے بھی شرکت کی اور2ستمبر کے سانحہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہدا کے خاندانوں کے لیے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ۔ اجلاس میں کہا گیا کہ 8ستمبر کے پر امن پہیہ جام اور شٹرڈائون ہڑتال کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں ۔ صوبہ بھر کے تمام سیاسی جمہوری قوتوں ، سماجی وطلباء تنظیموں ، ٹرانسپورٹرز، تاجروں ، تمام مکتبہ فکر کے لوگوں کی بھرپور حمایت حاصل ہیں۔
جس کا اظہار اپنے بیانات اور سوشل میڈیا کے پیغامات میں کرچکے ہیں ۔
اس پر امن احتجاج کو ریاستی اداروں کی جانب سے سبوتاژ نہیں ہونے دینگے۔
2ستمبر2025 کو سردار عطاء اللہ خان مینگل کی چوتھی برسی کے موقع پر دہشتگردانہ حملے میں 14سیاسی کارکن شہید اور چالیس سے زائد زخمی ہوئے تھے یہ حملہ دراصل صوبے کی اعلیٰ بلوچ، پشتون قیادت کو نشانہ بناکرکارکنوں کوقومی ، سیاسی ، جمہوری جدوجہد سے دستبردار کرانا تھا۔
اس سانحہ کے بعد4ستمبر کو پشتونخوامیپ کے چیئرمین وتحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی، بی این پی کے قائد سردار اختر جان مینگل ، نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل کبیر محمد شہی ، عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی، پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر دائود شاہ کاکڑ، مجلس وحدت المسلمین کے صوبائی نائب صدر علامہ ولایت حسین نے پریس کلب کوئٹہ میں اس سانحہ کے خلاف 8ستمبر بروز سوموار صوبہ بھر میں مکمل پہیہ جام اور شٹر ڈائون ہڑتال کا اعلان کیا اور8ستمبر کو صوبے کی تمام شاہراہیں ، تجارتی وسرکاری مراکز ، ریلوے سٹیشنز ، ایئرپورٹ جانیوالے راستے مکمل بند ہوں گے ۔
اجلاس میں صوبے کے ہر طبقہ فکر کے لوگوں سے اپیل کی گئی بالخصوص ٹرانسپورٹرز ، مسافر حضرات سرکاری ملازمین ، پرائیویٹ وسرکاری سکولوں وکالجوں کے طلباء ، زمیندار ہر قسم کی سفر سے اجتناب کریں اورعوام سے پہیہ جام اور شٹر ڈائون ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لیے تعاون اور اپنا مثبت وتعمیری کردار ادا کرنے کی استدعا کی گئی ۔