|

وقتِ اشاعت :   September 10 – 2025

کوئٹہ :  پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما صوبائی وزیر آب پاشی میر صادق عمرانی نے کہا ہے کہ دریائے سندھ سے بلوچستان میں ممکنہ سیلاب کے حوالے سے بحرانی کیفیت ختم ہوگئی ،اب صورتحال نارمل ہے بلوچستان کے کسی بھی علاقے کو سیلاب سے خطرہ نہیں ہے۔

یہ بات انہوں نے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔میر صادق عمرانی نے کہا کہ 2010میں توڑی بند میں شگاف لگانے سے بلوچستان میں بہت نقصان ہوا تھا اس سال ہماری کوشش تھی کہ کٹ نہ لگے ،اگر پانی کی سطح بہت بلند ہوتی ہے تو سندھ اور بلوچستان کے وزرا اعلی باہمی مشاورت سے فیصلہ کریں گے ۔

بلوچستان کے وزیر آب پاشی کا کہناتھا کہ ہماری کوشش تھی کہ ممکنہ سیلاب کی صورت میں انسانی آبادی کو نقصان نہ ہو ہم نے سولہ مقامات پر فلڈ کیمپس لگائے ۔

میر صادق عمرانی کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ اس سال ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر اچھی حکمت عملی بنائی اور دریائے سندھ کو سمندر میں ڈال دیا ،اگر گیارہ لاکھ کیوسک پانی بھی آتا ہے تو وہ سکھر بیراج سے نکال جائے گا۔