کوئٹہ: بلوچستان میں سال 2022 کے سیلاب سے متاثرہ زمینداروں کو تاحال بحالی کی امدادی رقم نہ ملنے پر زمیندار ایکشن کمیٹی نے بلوچستان ہائیکورٹ میں آئینی درخواست دائر کر دی۔بلوچستان میں زمیندارایکشن کمیٹی نے سال 2022 کے سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے بعد تاحال امدادی رقم نہ ملنے پر بلوچستان ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2022 کے سیلاب میں مجموری طور پر17 لاکھ 17 ہزار ایکڑ سے زائد زرعی اراضی متاثر ہوئی تھی ۔رپورٹ کے مطابق سیلاب کے باعث 319 ارب 48 کروڑ سے زائد کا نقصان ہوا۔چیف جسٹس بلوچستان روزی خان بڑیچ اور سرداراحمد حلیمی پر مشتمل بینچ نے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری کو طلب کر لیا ۔
زمیندارایکشن کمیٹی کی جانب سے کیس کی پیروی نذیر آغا ایڈوکیٹ نے کی ۔عدالت نے کیس کی سماعت 24 ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے حکومت سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔