پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دارالحکومت ریاض میں باہمی دفاعی معاہدہ ہوگیا۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین “اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے” (SMDA) پر دستخط کیے۔
یہ معاہدہ جو دونوں ممالک کی اپنی سلامتی کو بڑھانے ، خطے اور دنیا میںامن و سلامتی کے حصول کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے، اس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینا اور کسی بھی جارحیت کے خلاف مشترکہ دفاع و تحفظ کو مضبوط بنانا ہے۔
معاہدے کے مطابق کسی بھی ایک ملک کے خلاف کسی بھی جارحیت کو دونوں ملکوں کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔
سعودی عرب اور پاکستان کی 8 دہائیوں پر محیط تاریخی شراکت داری ہے ۔
معاہدہ پاک سعودی اسٹرٹیجک شراکت داری کی گہرائی اور دفاعی تعاون کی مضبوطی کو ثابت کرتا ہے، آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معاہدے کی کامیابی میں کلیدی کردارادا کیا اور معاہدے سے پاکستان اب حرمین شریفین کے تحفظ میں سعودی عرب کا پارٹنر بن گیا۔
موجودہ اور متوقع خطرات و چیلنجز کے تناظر میں یہ معاہدہ دفاع کو مضبوط بنائے گا اور دونوں ممالک کی دفاعی صلاحیتوں کی تیاری اور انضمام کو بڑھائے گا، معاہدے سے دونوں ممالک کی سلامتی اور علاقائی سالمیت کو لاحق کسی بھی خطرے کا مقابلہ کیا جا سکے گا۔
معاہدے کی شقوں کے تحت کسی بھی ملک پر بیرونی مسلح حملہ دونوں ممالک پر حملہ تصور ہوگا، معاہدے پر دستخط دونوں ممالک کے گہرے دوطرفہ تعلقات اور سکیورٹی تعاون کی توثیق کرتے ہیں، معاہدہ دہائیوں سے مشترکہ فوجی تربیت، کثیر الجہتی مشقوں اور دفاعی صنعتی تعاون کو ظاہر کرتا ہے اور معاہدہ امن کے فروغ اور علاقائی و عالمی سلامتی کو مستحکم کرنے کے مشترکہ مقاصد کو پورا کرتا ہے۔
پاک سعودی دفاعی معاہدہ دونوں کے لیے سکیورٹی، معیشت اور سفارت کاری میں انتہائی فائدہ مند ہے، معاہدے کے تحت دونوں ممالک کسی بھی خطرے سے مشترکہ طور پر نمٹیں گے اور معاہدے کے تحت اپنے دفاع کے لیے ایک ملک کی طاقت دوسرے ملک کے دفاع کے لیے موجود ہوگی۔
ولی عہد محمد بن سلمان نے ال یمامہ پیلس میں وزیر اعظم کا استقبال کیا اور دونوں ممالک کے وفود کی موجودگی میں مذاکرات کا باضابطہ اجلاس ہوا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور اسٹریٹجک تعلقات کا جائزہ لیا، فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ دلچسپی کے متعدد موضوعات کا جائزہ لیا۔
یہ ایک تاریخی معاہدہ ہے جو مشرق وسطیٰ خاص کر جنوبی ایشیاء میں مستقبل میں بہترین اثرات مرتب کرے گا ،دفاعی اور معاشی حوالے سے پاکستان نے اس معاہدے کے ذریعے عالمی سطح پر بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔
پاکستان ایشیاء میں مزید ایک طاقتور ملک کے طور پر ابھرے گا ،بھارت اس تاریخی معاہدے سے شدید پریشانی سے دوچار ہے خطے میں پاکستان کی طاقت میں اضافہ ہوگا۔
بین الاقوامی سطح پر یہ معاہدہ سعودی عرب کے اس بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کرتا ہے کہ وہ نہ صرف اپنی بلکہ اپنے شراکت داروں کی سلامتی کا بھی ضامن ہے۔
پاکستان کے لیے یہ معاہدہ اس کی حیثیت کو مزید مستحکم کرتا ہے کہ وہ ایک اہم مسلم اکثریتی ملک ہے جس میں عالمی اور علاقائی سکیورٹی میں حصہ ڈالنے کی صلاحیت ہے۔
اب پاکستان مستقبل میں خطے میں معاشی اور دفاعی لحاظ سے ایک مضبوط اور مستحکم ملک بن کر سامنے آئے گا جس سے دشمن ممالک کیلئے پریشانیاں بڑھیں گی۔
پاک سعودی عرب اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے، عالمی سطح پر پاکستان کیلئے بڑی کامیابی!
![]()
وقتِ اشاعت : September 19 – 2025