کوئٹہ : گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ آج کی تیز رفتار دنیا میں تعلیمی ڈگری کے ساتھ ساتھ جدید مہارتوں کی اہمیت اور افادیت بھی مسلسل بڑھ رہی ہیں۔
اس ضمن میں میں خضدار انجینئرنگ یونیورسٹی کو بیروزگار اور کم تعلیم یافتہ نوجوانوں کے جدید مہارتیں سکھانے کیلئے سکِل ڈویلپمنٹ کے مختلف پروگراموں کی ایک جامع حکمت عملی وضع کریں۔
اس سے ہم مقامی معیشت کو ترقی دیے سکتے ہیں اور صوبہ میں بیروزگاری کی شرح کو کافی حد تک کم کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں خضدار ایجنیٔرنگ یونیورسٹی کی کارکردگی اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔
بریفنگ کے دوران وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مقصود احمد اور پرو-وائس چانسلر ڈاکٹر سہراب خان بزنجو بھی موجود تھے۔
اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ سرکاری یونیورسٹی میں دی جائے والی تعلیم اور ڈگری دونوں کا اس وقت زیادہ فائدہ ہوگا جب وہ اپنے زمینی حالات و حقائق کے مطابق ہوں۔
وقت کا تقاضا یہ ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں کو محض کنزیومر بنے کی بجائے پروڈیوسر بنائیں۔
انہوں نے وائس چانسلر اور ان کی پوری ٹیم پر زور دیا کہ اپنی یونیورسٹی کے تمام امور و معاملات میں شفافیت اور میرٹ پر بھرپور توجہ دیں۔ اس سے معیار بلند ہوگا اور زیر تعلیم اسٹوڈنٹس بھی زیادہ بہتر طریقے سے مستفید ہوں گے۔
گورنر مندوخیل نے کہا کہ ہمیں اپنی سماجی ضرورت کے مطابق اکیڈمیہ اور انڈسٹری کے درمیان اشتراک پیدا کرنا ہوگا۔
یہ حقیقت ہے کہ حکومت لاکھوں افراد کو روزگار فراہم نہیں کر سکتی جس کیلئے ہمیں اپنے پرائیویٹ سیکٹر کو مضبوط اور مستحکم بنانا ہوگا۔ حکومت کو بھی صعنت و تجارت سے وابستہ افراد کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا چاہیے تاکہ وہ بیروزگاری کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔