|

وقتِ اشاعت :   September 19 – 2025

کوئٹہ: جمہوری وطن پارٹی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے عوام آج بدترین معاشی، سیاسی اور سماجی بحران سے دوچار ہیں۔

فارم 47 کے ذریعے مسلط کی گئی موجودہ حکومت نے نہ صرف عوامی مینڈیٹ کو پامال کیا بلکہ اپنی نااہلی اور کرپشن سے صوبے کو مزید پسماندگی کی طرف دھکیل دیا ہے۔

مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی نے نوجوانوں کے مستقبل کو تاریک بنا دیا ہے۔

تعلیمی ادارے زوال پذیر ہیں، اسپتال بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور عوام کو روزمرہ کی ضروریات تک میسر نہیں۔

صوبے کے وسائل لوٹے جارہے ہیں لیکن عوام کے گھروں میں غربت اور محرومی کے سوا کچھ نہیں پہنچتا۔

جمہوری وطن پارٹی واضح کرتی ہے کہ بلوچستان کے عوام اب مزید دھوکے برداشت نہیں کریں گے۔

ہم شفاف انتخابات، عوامی مینڈیٹ کے احترام، کرپشن کے خاتمے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

بلوچستان کے نوجوان ہی ہمارے اصل سرمایہ ہیں اور ان کو بااختیار بنائے بغیر صوبے کی تقدیر نہیں بدلی جا سکتی۔

بلوچستان کے عوام ایک ایسی حکومت چاہتے ہیں جو عوام کی امنگوں اور خواہشات کی ترجمانی کرے، نہ کہ مسلط کردہ اور کرپشن زدہ حکمرانوں کی طرح صرف اپنے مفادات کی حفاظت کرے۔