|

وقتِ اشاعت :   September 30 – 2025

پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ خان زہری اور صوبائی مشیر برائے بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے ایف سی ہیڈکوارٹر کوئٹہ پر ہونے والے خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے دہشت گردوں کے خلاف سیکورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے اسے پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر قرار دیا۔

نواب ثناءاللہ زہری نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے فتنۂ خوارج کے حملے کو پسپا کرکے دہشت گردوں کو ان کے ناپاک عزائم میں ناکام بنایا۔ انہوں نے معصوم شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔

نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے بھی ایف سی کی جانب سے دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ صوبائی حکومت امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور انداز میں کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد صوبے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں، لیکن عوام اور سیکورٹی ادارے ان کے خلاف متحد ہیں۔ انہوں نے زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے اور شہداء کے لواحقین کے ساتھ مکمل یکجہتی کے اظہار پر زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، کیونکہ یہاں کے شہریوں اور اداروں نے قیام امن کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔