کوئٹہ: حکومت بلوچستان اور ہارلے ہیلتھ کئیر سروسز کے درمیان ایک اہم معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت صوبے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت پہلا میڈیکل، ڈینٹل اور نرسنگ کالج قائم کیا جائے گا۔ اس اقدام کو صوبے میں معیاری طبی تعلیم کے فروغ کی جانب ایک سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
معاہدے کی تفصیلات کے مطابق کالج میں ہر سال 100 طلبہ کو میڈیکل، ڈینٹل، نرسنگ اور الائیڈ ہیلتھ سائنسز کی تعلیم دی جائے گی۔ اس کے علاوہ 16 ہونہار طلبہ کو مکمل اسکالرشپ فراہم کی جائے گی تاکہ مالی مشکلات کے باوجود باصلاحیت نوجوان تعلیم حاصل کر سکیں۔ منصوبے کے تحت مرحلہ وار اہداف کو بڑھا کر 600 طلبہ تک لے جایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس تاریخی پیش رفت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “یہ ادارہ نہ صرف عالمی معیار کی طبی تعلیم فراہم کرے گا بلکہ بلوچستان کے نوجوانوں کو بیرون ملک معیار کی تعلیم اب اپنے صوبے میں ہی میسر آئے گی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “صوبے کے دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے ہونہار طلبہ بھی اس منصوبے سے مستفید ہوں گے۔ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں اصلاحات و ترقی حکومت بلوچستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔”
وزیر اعلیٰ نے اس معاہدے کو صوبے میں ہیلتھ کیئر نظام کو مضبوط بنانے کی جانب ایک عملی قدم قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ یہ ادارہ مستقبل کے ماہر ڈاکٹرز اور نرسز تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
یہ معاہدہ بلوچستان میں طبی تعلیم کے شعبے میں ایک نئی جہت کا آغاز ہے، جو نہ صرف تعلیمی معیار کو بلند کرے گا بلکہ صحت کے شعبے میں بھی دیرپا اثرات مرتب کرے گا۔