کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی اجلاس: مختلف اہم معاملات پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران رکن اسمبلی زابد علی ریکی نے ناگ تا واشک تیر 2 (14 کلومیٹر) روڈ کے حوالے سے توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پی ایس ڈی پی 2024-25 میں شامل ہے، مگر اس پر تعمیراتی کام سست روی کا شکار ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات نے اب تک کتنی رقم جاری کی ہے اور منصوبہ کب مکمل ہوگا۔ حکومتی یقین دہانی پر یہ نوٹس نمٹا دیا گیا۔
دوسری جانب، ایوان میں پرنس فہد ہسپتال دالبندین کا مسودہ قانون 2025 پیش کیا گیا، جسے صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے ایوان میں پیش کیا۔ ایوان نے اس مسودہ قانون کو منظور کر لیا۔
اس کے علاوہ، بلوچستان اسمبلی نے صوبائی اسمبلی استحقاق کا ترمیمی مسودہ قانون 2025 بھی منظور کر لیا۔ یہ بل محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کی جانب سے پیش کیا گیا، اور اسے قواعد 84 اور 85 ٹو کے تقاضوں سے مستثنیٰ قرار دے کر فوری زیر غور لانے کی تحریک منظور کی گئی۔