|

وقتِ اشاعت :   October 2 – 2025

کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی میں رکن اسمبلی ظفر علی آغا کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے متعدد اہم تجاویز دی گئیں۔ قرارداد کے متن کے مطابق صوبے بھر میں یکساں نظام تعلیم رائج کیا جائے اور کورس کو جامع اور موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق ترتیب دیا جائے۔

اس قرارداد میں کم از کم میٹرک تک تعلیم کو مفت قرار دینے، امتحانات کو مقررہ وقت پر اور سخت نگرانی میں منعقد کرنے، بوٹی مافیا، نقل اور سفارش کے رجحان کے مکمل خاتمے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

قرارداد میں تجویز دی گئی ہے کہ محکمہ تعلیم میں ایک شکایت سیل قائم کیا جائے، ٹیچرز کی تربیت کے لیے ایک جامع پروگرام مرتب کیا جائے، تعلیمی مراکز میں سازگار ماحول فراہم کیا جائے اور وسائل کی کمی کو پورا کیا جائے۔

اس کے علاوہ ہر اسکول میں ایک جائزہ کمیٹی قائم کی جائے جو ان تمام امور کی نگرانی کرے۔

قرارداد میں صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ان تمام تجاویز پر فوری طور پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔