|

وقتِ اشاعت :   October 3 – 2025

کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و سابق وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے اسرائیلی فورسز کی جانب سے ’’گلوبل صمود فلوٹیلا‘‘ کو روکے جانے اور اس میں شامل شرکاء کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔

 

انہوں نے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان سمیت تمام گرفتار افراد کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔میر ضیاء اللہ لانگو نے اپنے بیان میں کہا کہ غزہ کے عوام کے لیے امداد اور انسانیت دوست مشن پر روانہ ہونے والے ڈاکٹروں،سماجی کارکنوں اور رضاکاروں کو گرفتار کرنا اسرائیل کی جانب سے انسانیت پر کھلا حملہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کو حراست میں لینا بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہے۔

 

انہوں نے عالمی برادری، اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ فی الفور نوٹس لیتے ہوئے تمام گرفتار افراد کی رہائی یقینی بنائیں اور غزہ کے مظلوم عوام کے لیے انسانی راہداری کھولی جائے تاکہ امدادی سامان اور طبی سہولیات ان تک پہنچ سکیں۔

 

میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ فلسطینی عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے ظلم و جبر اور انسانی حقوق کی پامالی کا شکار ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ عالمی دنیا اسرائیلی مظالم کے خلاف متحد ہو کر آواز بلند کرے۔ بلوچستان عوامی پارٹی فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور ہر سطح پر ان کی حمایت جاری رکھے گی-