|

وقتِ اشاعت :   October 3 – 2025

بلوچستان میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت پہلا میڈیکل کالج قائم کرنے کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔
بلوچستان حکومت اور ہارلے ہیلتھ کیئر سروس کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے مطابق کالج میں ہر سال 100 طلبہ کو میڈیکل، ڈینٹل، نرسنگ اور الائیڈ سائنسز کی تعلیم دی جائے گی۔
کالج میں طلبہ کی تعداد مرحلہ وار بڑھا کر 600 تک کی جائے گی جبکہ معاہدے کے تحت ہر سال 16 اہل طلبہ کو مکمل اسکالر شپ بھی دی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے معاہدے کے موقع پر کہا کہ یہ معاہدہ صوبے کے ہیلتھ کیئر نظام کو مضبوط بنانے میں عملی پیش رفت ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں معیاری تعلیم کا فروغ حکومت کی سب سے بڑی ترجیح ہے۔
بلوچستان حکومت کی جانب سے میڈیکل کالج کا قیام انقلابی قدم ہے۔
بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے یہ بڑا تحفہ ہے ،وہ اپنے صوبہ میں معیاری طبی تعلیم حاصل کرینگے ان کا مستقبل تابناک ہوگا خاص کر غریب نوجوان جو میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے کی جستجو رکھتے ہیں ان کی خواہش پوری ہوگی وہ اس اہم ادارے سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں گے۔
حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح میرٹ ہونی چاہئے بدقسمتی سے ملک کے تمام صوبوں میں میڈیکل سیٹس کیلئے سفارش اور رقم چلتی ہے جس کی بنیاد پر داخلے دیئے جاتے ہیں جس سے غریب نوجوانوں کی تعلیم بری طرح متاثر ہوجا تی ہے اس اہم نوعیت کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہونا چاہئے ،میرٹ پر سیٹ اور داخلے دیئے جائیں تاکہ ہر کسی کو موقع میسر آئے کہ وہ میڈیکل کی تعلیم مکمل کرسکے، اس سے بلوچستان کو زیادہ فائدہ پہنچے گا، نوجوانوں کا اعتماد بحال ہوگا، حکومتی سرپرستی میں وہ معیاری تعلیم حاصل کرکے طبی شعبے میں اپنے صوبے کے لوگوں کی خدمت کرسکیںگے اوران کا مستقبل بھی روشن ہوگا، نوجوان طبقے میں علم کا رجحان بڑھے گا، منفی سرگرمیوں سے دور رہیںگے۔
کسی بھی خطے کی ترقی میں انسانی وسائل انتہائی اہم ہیں جس سے سماج اور معاشرے میں مثبت تبدیلیاں رونماء ہونے کے ساتھ ترقی کے راستے کھلتے ہیں ،خطہ خوشحال ہوگا عوام مستفید ہونگے۔
حکومت بلوچستان کی تعلیم کے شعبے پر خصوصی توجہ اور طبی شعبے پر سرمایہ کاری غیر معمولی اقدام ہے جو قابل تحسین ہے ۔
امید ہے کہ بلوچستان حکومت اسی طرح انسانی وسائل پر زیادہ توجہ دے گی تاکہ بلوچستان کے نوجوانوںکی زندگی میں مثبت تبدیلی آئے جس سے ان کے معاشی مسائل بھی حل ہونگے اوروہ بہترین شعبوں سے وابستہ ہوکر صوبہ کی ترقی میں جوش و جذبہ کے ساتھ بڑھ چڑھ کر حصہ لینگے۔