|

وقتِ اشاعت :   June 2 – 2016

کوئٹہ: کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس سب انسپکٹر جاں بحق جبکہ پنجگور میں ایف سی کے قافلے پر فائرنگ سے اہلکار زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ کے علاقے تھانہ خروٹ آباد کی حدود میں سمنگلی روڈ پر سرپل کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے پولیس کے سب انسپکٹر مختیار احمد پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ سر پر گولی لگنے سے مختیار احمد شدید زخمی ہوگیا۔ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور زخمی کو سول اسپتال کوئٹہ پہنچایا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں مزید علاج کیلئے سی ایم ایچ منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق اسپتال پہنچنے سے قبل ہی سب انسپکٹر دم توڑ چکے تھے۔ پولیس کے مطابق مختیار احمد کو اپنے گھر خیزی چوک سے پولیس کی وردی پہن کر موٹر سائیکل پر ڈیوٹی کیلئے پولیس لائن ہیڈکوارٹر جاتے ہوئے نشانہ بنایا گیا ۔واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ بتایا جاتا ہے۔ تاہم پولیس نے واقعہ کی مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کردی ہے ۔ ادھر پنجگور کے علاقے گوارگو میں نامعلوم افراد نے ایف سی کے قافلے پر لائٹ مشین گن سے اندھا دھند فائرنگ کی اس دوران گولی لگنے سے لانس نائیک ایاز احمد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے سول اسپتال پنجگور منتقل کیا گیا۔ زخمی کو کندھے پر بائیں جانب گولی لگی ہے۔ ایف سی اہلکارون کی جوابی فائرنگ پر ملزمان فرار ہوگئے۔