|

وقتِ اشاعت :   October 17 – 2025


بلوچستان کے دارالخلافہ کوئٹہ میں صفائی کی صورتحال انتہائی ابتر ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جن سے اٹھنے والے تعفن سے شہری مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔
کوئٹہ شہر ماضی میں اپنی خوبصورتی کی وجہ سے منفرد حیثیت رکھتا تھا ،لٹل پیرس کہلانے والا شہر آج متعدد مسائل کا شکار ہے ،شہر کی خوبصورتی کی بحالی، صفائی ستھرائی و بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے حکومتی سطح پر ہنگامی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔
گزشتہ روز وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صفا کوئٹہ انٹیگریٹڈ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پروجیکٹ کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اجلاس کے دوران کوئٹہ شہر میں صفائی کی مجموعی صورتحال، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے نظام اور صفا کوئٹہ پروجیکٹ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ شہر کے تمام علاقوں سے کچرے کے پرانے ڈھیر مکمل طور پر صاف کیے جائیں اور صفائی کے نظام کو مؤثر و پائیدار بنایا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ بلوچستان کا چہرہ ہے، اس کی صفائی ستھرائی، خوبصورتی اور شہری سہولیات کی بہتری صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ کوئٹہ کے مرکزی شاہراہوں، مارکیٹوں، رہائشی علاقوں اور نالوں کی صفائی کے عمل میں کوئی غفلت نہ برتی جائے تاکہ شہریوں کو صحت مند اور صاف ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جدید مشینری، افرادی قوت اور مربوط نگرانی کے ذریعے صفائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے۔
صوبائی حکومت شہری سہولتوں کی بہتری کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کرے گی تاکہ صفا کوئٹہ پروجیکٹ کو کامیاب ماڈل کے طور پر دیگر شہروں تک وسعت دی جا سکے۔
بہرحال کوئٹہ شہر سے کچرا اٹھانے کی ذمہ داری پرائیویٹ ادارے کو سونپی گئی ہے حکومت بلوچستان پرائیویٹ کمپنی کو پابند کرے کہ شہر سے کچرہ اٹھانے میںکوئی کسر نہ چھوڑے، رہائشی علاقوں میں کچرے کے ڈھیر لوگوں کیلئے عذاب بن چکا ہے جبکہ نالوں سے گندے گٹر کاپانی بہنے سے شہری پریشان ہیںکیونکہ یہ مختلف بیماریوں کا سبب بن رہا ہے۔
امید ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایات کی روشنی میں پرائیویٹ کمپنی ذمہ دارانہ رویہ اپنائے گا اور عملے کو پابند کرے گا کہ کوئٹہ شہر میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنائے ، حکومت شہر کی خوبصورتی کی بحالی کیلئے سرمایہ کاری کرے تاکہ کوئٹہ شہر سے مسائل کا خاتمہ یقینی ہو اور سابقہ خوبصورتی بحال ہو۔