|

وقتِ اشاعت :   October 24 – 2025

بلوچستان کے ضلع خضدار میں نامعلوم مسلح افراد نے تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر حملہ کر کے 18 مزدوروں کو اغوا کر لیا جبکہ کئی گاڑیوں کو آگ لگا دی۔بلوچستان میں ایک ہفتے کے دوران اغوا ہونے والے مزدوروں کی تعداد 27 ہو گئی ہے۔

حکام کے مطابق واقعہ جمعرات کی شب خضدار سے تقریباً 80 کلومیٹر دور نال کے علاقے کلیڑی میں پیش آیا جہاں درجنوں مسلح افراد نے پہلے شاہراہ کی ناکہ بندی کی اور اس کے بعد ایک نجی تعمیراتی کمپنی کے کیمپ اور کریش پلانٹ پر حملہ کیا۔یہ تعمیراتی کمپنی خضدار کو ضلع واشک کے علاقے بسیمہ سے ملانے والی سڑک کی تعمیر پر کام کر رہی تھی۔

حکام نے بتایا کہ درجنوں مسلح افراد نے کریش پلانٹ پر دھاوا بول کر وہاں موجود گاڑیوں اور مشینری کو آگ لگا دی۔ ان کے مطابق آگ لگنے سے کم از کم آٹھ گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔انہوںنے بتایا کہ حملہ آور وہاں کام کرنے والے مزدوروں کو اغوا کر کے اپنے ساتھ لے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اغوا ہونے والے زیادہ تر مزدوروں کا تعلق صوبہ سندھ سے بتایا جا رہا ہے۔

تعمیراتی کمپنی ڈی بلوچ کے منیجر ذوالفقار احمد کے مطابق مسلح افراد 20 مزدوروں کو اغوا کر کے لے گئے تھے تاہم بعد میں دو مزدوروں کو چھوڑ دیا گیا جبکہ 18 تاحال لاپتہ ہیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی لیویز، ایف سی اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دیں۔حکام کے مطابق مزدوروں کی تلاش کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔