|

وقتِ اشاعت :   November 4 – 2025

کوئٹہ (؛ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے زیرانتظام بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ اینڈ منیجمنٹ سائنسز میں گرین انوویٹ کے عنوان سے ایک روزہ کانفرنس کا انعقاد ہوا، کانفرنس کے مہمان خصوصی وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اور چئیرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان تھے۔

کانفرنس میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن، یونیسف اور بلوچستان کی مختلف جامعات اور کالجز کے عہدیداروں سمیت اساتذہ اور طلبا نے بڑی تعداد میں شرکت کی، پانی کے مناسب استعمال اور آنے والی نسلوں کے لئے پانی کی دستیابی پر تحقیقی پراجیکٹس اور سٹالز بھی کانفرنس کا حصہ تھے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ماہرین تعلیم و محققین نے کہا کہ پانی زندگی کا بنیادی جز ہے،

اس کی حفاظت انتہائی ضروری ہے تاکہ زمین پر زندگی کو برقرار رکھا جا سکے، پانی کا مناسب استعمال ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے تاکہ مستقبل میں بھی انسانی بقا کے لیے پانی دستیاب رہ سکے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرووائس چانسلر بیوٹمز ڈاکٹر میر وائس کاسی نے کہا کہ چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد کے شکر گزار ہیں کہ وہ اس اہم کانفرنس میں شرکت کے لئے بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ اینڈ منیجمنٹ سائنسز آئے،

بلوچستان کی جامعات معاشرے کی بہتری اور تحفظ کے لئے تحقیقی و تعلیمی صلاحیتوں بروئے کار لا رہی ہیں،

بیوٹمز ماحولیاتی تحفظ اور پانی کے استعمال اور اسے آنے والی نسلوں کے لئے میسر کرنے کے لئے علمی و تحقیقی سرگرمیوں پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے، جبکہ نوجوانوں اور طلبا کو اس اہم موضوع کے ادراک اور سنگینی اور روزمرہ زندگی میں پانی کے ضیاع کو روکنے پر آگاہی پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

کانفرنس کے مہمان خصوصی وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چئیرمین رانا مشہود احمد خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کا نوجوان پاکستان کا مستقبل ہے، وزیراعظم پاکستان کے وژن کی روشنی میں بلوچستان کے نوجوانوں کے لئے خصوصی اقدامات کر رہے ہیں۔

بلوچستان کے نوجوان ہمارے دل کے انتہائی قریب ہیں، وزیر اعظم کی ہدایات کی روشنی میں بلوچستان کے نوجوانوں کے لئے تعلیم، وظائف، لیپ ٹاپ، روزگار، کھیل و دیگر سرگرمیوں پر خصوصی منصوبے جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لئے محفوظ پاکستان، بہترین سہولیات اور مواقع میسر لانا وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کے لئے ہم صوبائی حکومت بلوچستان کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔