کوئٹہ : صوبے بھرمیں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری اور عوامی مقامات پرنقاب یا چہرہ ڈھانپنے پر پابندی کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ کا پانچ روز میں دوسرا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
بلوچستان کے محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں صوبے بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، تاہم خواتین اور بچوں کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق عوامی مقامات پر نقاب، مفلر یا ماسک کے ذریعے چہرہ ڈھانپنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، اس کے علاوہ اسلحے کی نمائش، پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماع اور احتجاج یا دھرنوں پر بھی پابندی برقرار رہے گی۔ یہ اقدامات 30 نومبر تک نافذ رہیں گے۔
اس کے ساتھ ہی غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں، کالے شیشے والی گاڑیوں اور دھماکا خیز مواد کی نقل و حرکت پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔
حکام کے مطابق یہ پابندیاں 5 نومبر کے نوٹیفکیشن میں ترمیم کے بعد عائد کی گئی ہیں اور دفعہ 144 صوبے بھر میں 30 نومبر تک نافذ رہے گی۔