کوئٹہ:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بدھ کو پروانشل ہارڈن دی اسٹیٹ کمیٹی کا اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں نیشنل و پروانشل ایکشن کمیٹیوں میں طے شدہ اہداف پر عمل درآمد اور امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائز ہ لیا گیا۔اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات سمیت اعلیٰ سیکورٹی حکام نے شرکت کی۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بلوچستان حمزہ شفقات نے مجموعی صورتحال پر اجلاس کو بریفنگ دی ۔بربفنگ میں بتایا گیا کہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں،ضلع کچھی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف 200 آپریشن کئے گئے، دیگر اضلاع میں بھی مؤثر کارروائیاں جاری ہیں،برفنگ میں بتایا گیا کہ بلوچستان کے شمالی علاقوں میں ایک سو دہشت گردوں کو غیر موثر کردیا گیا، صوبے میں 3561 غیر قانونی پیٹرول پمپس سیل کر دیئے گئے
کسٹم حکام نے 2575 آپریشن کئے ، تین ماہ میں 416 نان کسٹم پیڈ گاڑیاں ضبط کی گئیں ، مدارس کی رجسٹریشن اور تشکیل کردہ ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی نے بحالی امن اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں پر اظہار اطمینان، کیا اور کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ نیشنل اور پروانشل ایکشن کمیٹیز کے فیصلوں اور طے شدہ اہداف پر پوری تندہی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا، قانون شکن عناصر کے خلاف بھرپور اور بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ جرائم، لاقانونیت اور بدامنی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر سختی سے عمل ہوگا۔