|

وقتِ اشاعت :   December 5 – 2025

کوئٹہ: سینئر سیاستدان وسابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے مائنزاینڈ منرلز ایکٹ کے تحت ہونے والی الاٹمنٹس کیخلاف عدالت میں ایک اور آئینی درخواست دائر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی پارٹیوں نے قومی معاملات پر سمجھوتہ کرکے اس سرزمین اور یہاں کے لوگوں کی توہین کی ہے، عوامی سیاست کو منظم کرکے صوبے کے اجتماعی قومی مفاد میں سنجیدگی کیساتھ سیاسی عمل میں آگے بڑھیں گے۔

یہ بات انہوں نے سراوان ہائوس میں اپنے ہم خیال سینئر ساتھیوں کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی،

اجلاس میں بلوچستان کے اجتماعی قومی معاملات، سیاسی امور پر طویل مشاورت ، مائنز اینڈ منرلز ایکٹ پر سیاسی جماعتوں کی پراسرار خاموشی پر تشویش کا اظہار اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے

جن کا باضابطہ اعلان آئندہ چند روز میں کیا جائیگا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے مزید کہاکہ بلوچستان کے اجتماعی معاملات کسی کرشمہ سے ٹھیک نہیں ہوں گے،صوبے کے اجتماعی قومی مفاد میں سنجیدگی کیساتھ جدوجہد کرتے ہوئے سیاسی عمل میں آگے بڑھ رہے ہیں، انہوں نے کہاکہ اپنے ذاتی مفاد کو قومی مفاد کیلئے قربان کرتے ہوئے صوبے کے مفادات کا کھبی سودا نہیں کیا،

عوامی سیاست کے تحت بلوچستان کے امور پر اپنی آواز ہر فرد تک پہنچا رہے ہیں، انہوںنے کہاکہ سیاسی پارٹیوں نے سمجھوتہ کرکے اس سرزمین اور یہاں کے لوگوں کی توہین کی ہے، پارلیمنٹ میں بلوچستان کی نمائندگی نہیں اور نہ ہی سودے بازی کرنے والے اس صوبے کے نمائندے ہوسکتے،

غیر نمائندہ حکومت نے مائنز اینڈ منرلز ایکٹ کے تحت اٹھارویں آئینی ترمیم کے نتیجے میں بلوچستان کو ملنے والے اختیارات مائنز اینڈ منرلز ایکٹ کے تحت دوبارہ وفاق کو منتقل کرکے صوبے کا ایک ایک انچ فروخت کیا ہے، انہوںنے مائنز اینڈ منرلز ایکٹ پر سیاسی جماعتوں کی مسلسل پر اسرار خاموشی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس پراسرار خاموشی کو توڑنے اوراپنی سرزمین کے دفاع کیلئے میں اور میرے ساتھی نہ صر ف عدالت گئے ہیں

بلکہ مائنز اینڈ منرلز ایکٹ کو جس اسمبلی سے پاس کرایا گیاتھااس پر دوبارہ نظرثانی کیلئے قرارداد کی صورت میں ایکٹ کو دوباہ اسمبلی لے گئے اس کے بعد سیاسی پارٹیوں کے سربراہان کو وسائل کی لوٹ مار کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے خطوط ارسال کئے گئے اور اب جدوجہد کو مزید آگے بڑھاکر مائنز اینڈ منرلز ایکٹ کے تحت ہونے والی الاٹ منٹس کو روکنے کیلئے جلد بلوچستان ہائیکورٹ میں ایک اور آئینی درخواست دائر کریں گے۔