کوئٹہ؛ علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں جمعہ کے روز موسم خشک اور جزوی طور پر ابرآلود رہے گا، جبکہ کوئٹہ، قلات، پشین، مستونگ، نوشکی، چاغی، خاران، واشک، پنجگور، کیچ، قلعہ عبداللہ، ژوب اور قلعہ سیف اللہ میں موسم نہایت سرد اور کہیں کہیں مکمل ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے ژوب، قلعہ عبداللہ، مسلم باغ، چاغی اور کان میہترزئی میں ہلکی بارش یا برفباری کے آثار بھی ظاہر کیے ہیں۔ہفتے کے روز بھی صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک، سرد اور جزوی تا مکمل ابرآلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ژوب، قلعہ عبداللہ، مسلم باغ، خضدار، چاغی اور کان میہترزئی میں ہلکی بارش یا برفباری کے امکانات موجود ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے اکثر اضلاع میں موسم خشک اور سرد جبکہ شمالی و شمال مغربی علاقوں میں رات کے اوقات میں شدید سردی ریکارڈ کی گئی۔
سب سے کم درجہ حرارت قلات میں منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ صوبے بھر میں بارش کی کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی۔