|

وقتِ اشاعت :   December 6 – 2025

کوئٹہ : وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ سوئی، ڈیرہ بگٹی میں وڈیرہ نور علی چاکرانی اور ان کے ایک سو سے زائد ساتھیوں کا ہتھیار ڈال کر آئینِ پاکستان کو تسلیم کرنا ایک تاریخی اور حوصلہ افزا پیش رفت ہے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلی نے کہا کہ میں وڈیرہ نور علی چاکرانی اور تمام نوجوانوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں ان کا فیصلہ امن، دانشمندی اور ترقی کی خواہش کی علامت ہے۔

پاکستان کا پرچم دوبارہ اٹھانا ان کے وطن سے سچے تعلق کا اظہار ہے وزیر اعلی نے کہا کہ یہ اقدام تمام بھٹکے ہوئے عناصر کے لیے ایک دوٹوک اور واضح پیغام ہے

کہ ریاستِ پاکستان نے بات چیت کے دروازے بند نہیں کیے جو امن کا راستہ اختیار کرے گا اسے گلے لگایا جائے گا، لیکن جو ہماری نرمی کو کمزوری سمجھے گا، اس کا مرتے دم تک پیچھا جاری رہے گا، انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان ایک جامع حکمتِ عملی کے تحت آگے بڑھ رہی ہے۔

ایک طرف ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز پوری قوت سے جاری ہیں جبکہ دوسری طرف قومی دھارے میں واپس آنے والوں کو عزت اور سہارا دینا حکومت کی پالیسی کا بنیادی حصہ ہے وزیر اعلی بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں دیرپا امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے

اور ہتھیار ڈالنے والوں کو معاشرے میں باوقار شمولیت کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی جبکہ امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائی بلا تعطل جاری رہے گی۔