کوئٹہ: انسدادِ دہشت گردی ترمیمی ایکٹ 2025 کے مجوزہ ڈرافٹ رولز کے حوالے سے محکمہ داخلہ کے زیر اہتمام ایک اہم اجلاس منعقد ہوا
جس کی صدارت ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم محمد حمزہ شفقات نے کی۔ اجلاس میں محکمہ داخلہ، پولیس، سی ٹی ڈی، پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ، قانون و پارلیمانی امور، سیکیورٹی اداروں اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں مجوزہ رولز پر شق وار غور کیا گیا اور موجودہ انسدادِ دہشت گردی کے قانونی ڈھانچے کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف اہم نکات پر غور کیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ترمیمی رولز کا مقصد تفتیشی عمل، پراسیکیوشن، انٹیلی جنس کوآرڈینیشن اور آپریشنل طریقہ کار کو جدید ضروریات کے مطابق ہم آہنگ کرنا ہے تاکہ دہشت گردی کے بدلتے ہوئے چیلنجز کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کیا جا سکے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم محمد حمزہ شفقات نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مضبوط قانونی فریم ورک ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسدادِ دہشت گردی کے قوانین کو تقویت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے اور مجوزہ رولز اس سلسلے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے۔اجلاس کے دوران مختلف محکموں نے اپنی سفارشات پیش کیے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ اپنی تحریری تجاویز جلد از جلد محکمہ داخلہ کو فراہم کریں تاکہ ڈرافٹ کو حتمی شکل دے کر آئینی طریقہ کار کے مطابق منظوری کے لیے آگے بھجوایا جا سکے۔شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مربوط حکمتِ عملی، بہتر قانون سازی اور مضبوط تعاون کے ذریعے صوبے میں دہشت گردی کی روک تھام کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جاسکتا ہے۔