کوئٹہ: کوئٹہ میں جاری بلدیاتی انتخابات کے دوران انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن بلوچستان نے کارروائی کرتے ہوئے صوبائیمشیربرائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔
دفتر صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبائی مشیربرائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی نے انتخابی مہم کے دوران ایک کارنر میٹنگ میں شرکت کی جو کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہے۔
مذکورہ خلاف ورزی کی نشاندہی ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے اپنی رپورٹ میں کی جس کے بعد معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر کو باضابطہ طور پر نوٹس جاری کیا گیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق میر لیاقت لہڑی کو 15 دسمبر کو ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کے روبرو پیش ہو کر اپنی وضاحت جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔