جعفرآباد: پارلیمانی سیکرٹری برائے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن انجینئر عبدالمجید بادینی نے ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈیرہ اللہ یار میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر سات روزہ انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر جعفرآباد ڈاکٹر عبدالمنان لاکٹی، ڈسٹرکٹ سپورٹ منیجر پی پی ایچ آئی جعفرآباد فیصل اقبال کھوسہ سمیت دیگر متعلقہ ضلعی افسران بھی موجود تھے۔
اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری انجینئر عبدالمجید بادینی نے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ اور فیلڈ ٹیمیں بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ انسداد پولیو مہم کے دوران اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ہر حال میں پولیو کے قطرے پلوائیں تاکہ آنے والی نسل کو اس موذی مرض سے محفوظ بنایا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے کہا کہ ضلع بھر میں انسداد پولیو مہم کو مؤثر بنانے کے لیے تمام انتظامی و حفاظتی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور پولیو ٹیموں کی نگرانی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ کوئی بچہ قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے تعاون کے بغیر پولیو کا خاتمہ ممکن نہیں لہٰذا شہری پولیو ورکرز کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔
تقریب کے اختتام پر متعلقہ افسران نے مہم کی کامیابی کے لیے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع جعفرآباد کو پولیو فری بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔