|

وقتِ اشاعت :   December 22 – 2025

کوئٹہ : شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل کے مؤثر، دیرپا اور مربوط حل، سڑکوں پر حادثات میں کمی اور شہریوں کو محفوظ، سہل اور رواں سفری سہولیات کی فراہمی کے مقصد سے ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ مجیبُ الرحمٰن قمبرانی کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی، چیف میٹروپولیٹن آفیسر، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹریفک انجینئرنگ بیورو، ڈپٹی ڈائریکٹر کوئٹہ ڈیویلپمنٹ پروجیکٹ، ڈی ایس پی ٹریفک پولیس، چیف اینٹی انکروچمنٹ سیل اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ نے شہر کے مختلف علاقوں میں غیر ضروری اسپیڈ بریکرز کے باعث عوام کو درپیش مشکلات اور ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ کا نوٹس لیتے ہوئے واضح ہدایات جاری کیں کہ اسپیڈ بریکرز کے خاتمے کے بعد سڑکوں پر فوری، معیاری اور مکمل پیچ ورک و بحالی کے کام کو یقینی بنایا جائے، تاکہ سڑکیں ہموار، محفوظ اور عوام کیلئے مکمل طور پر قابلِ استعمال ہوں۔

ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ نے ٹریفک جام کے مستقل حل کیلئے اُن مقامات کی نشاندہی کی ہدایت دی جہاں ٹریفک دباؤ معمول بن چکا ہے،

اور ان علاقوں میں محفوظ اور سائنسی بنیادوں پر ڈیزائن کردہ یو ٹرنز کے قیام کا فیصلہ کیا گیا، تاکہ غیر قانونی کٹ مار، غلط موڑ اور غیر ضروری رکاوٹوں کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر میں غیر فعال ٹریفک سگنلز کو فوری طور پر بحال کیا جائے گا،

جبکہ بڑھتی ہوئی ٹریفک ضروریات کے پیش نظر اہم مقامات پر نئے ٹریفک سگنلز بھی نصب کیے جائیں گے، تاکہ ٹریفک کنٹرول کے نظام کو جدید تقاضوں کے مطابق مؤثر بنایا جا سکے۔تجاوزات کے حوالے سے ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ نے دوٹوک الفاظ میں ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائیاں دن رات بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔

انسدادِ تجاوزات ٹیم کو پابند کیا گیا کہ فٹ پاتھوں، سڑکوں اور عوامی مقامات کو ہر صورت تجاوزات سے پاک رکھا جائے، تاکہ شہریوں کی آزادانہ نقل و حرکت اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جا سکے۔مزید برآں، شہر کی اہم شاہراہوں اور مرکزی سڑکوں کیلئے رفتار کی واضح حد مقرر کرنے اور اس پر مؤثر عملدرآمد کیلئے نمایاں، معیاری اور واضح ٹریفک سائن بورڈز نصب کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، تاکہ ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی لائی جا سکے اور ڈرائیورز میں ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کا شعور فروغ پائے۔

اجلاس میں ہینڈ کارٹس اور غیر منظم ریڑھی بانوں کے باعث پیدا ہونے والی ٹریفک رکاوٹوں پر بھی تفصیلی غور کیا گیا اور اس مسئلے کے مستقل حل کیلئے میٹروپولیٹن کارپوریشن اور ضلعی انتظامیہ پر مشتمل ایک خصوصی، مربوط اور فعال ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا، جو باقاعدہ حکمتِ عملی کے تحت کارروائیاں عمل میں لائے گی۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی نے اجلاس میں شہر بھر میں نو پارکنگ زونز پر سختی سے عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غلط پارکنگ ٹریفک جام،

شہری مشکلات اور ایمرجنسی رسپانس میں رکاوٹ کی ایک بڑی وجہ ہے، جس کے تدارک کیلئے مؤثر اور بلا امتیاز کارروائیاں ناگزیر ہیں۔اجلاس کے اختتام پر ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ نے انجینئرنگ برانچ کو شہر بھر میں نصب روڈ اسپائکس کی بروقت مرمت، باقاعدہ دیکھ بھال اور فعالیت کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت جاری کی۔ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ، ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کے باہمی اشتراک سے کوئٹہ کو ایک منظم، محفوظ، خوبصورت اور عوام دوست شہر بنانے کیلئے عملی، ٹھوس اور نتیجہ خیز اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔