|

وقتِ اشاعت :   December 22 – 2025

کوئٹہ،:  حکومتِ بلوچستان نے صوبے میں امن و امان کو مزید مؤثر بنانے اور سکیورٹی سے متعلق فیصلوں کو بہتر بنانے کے لیے محکمہ داخلہ میں پہلا آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) سیل قائم کر دیا ہے۔

اس مقصد کے لیے محکمہ داخلہ کے ڈپٹی سیکرٹری فضل الرحمٰن کبدانی کو انچارج اے آئی سیل مقرر کیا گیا ہے، جو فوری طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اے آئی سیل بلوچستان انٹیگریٹڈ سکیورٹی آرکیٹیکچر (BISA) اور دیگر مجاز ذرائع سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کا تجزیہ کرے گا تاکہ جرائم، سکیورٹی خدشات اور ممکنہ خطرات سے بروقت نمٹا جا سکے۔

اس سے حکومت کوئی بھی ناخوشگوار واقعے ہونے سے قبل حفاظتی اقدامات اٹھانے میں مدد ملے گی۔

پریس ریلیز میں مزید کہا گیا ہے کہ اے آئی سیل کے ذریعے امن و امان میں بہتری آئے گی اور یہ جرائم اور سکیورٹی رجحانات کی نشاندہی کرنے کے ساتھ ساتھ خطرناک علاقوں اور ممکنہ خدشات کی پیشگی اطلاع دے گا۔

اس طرح پولیس اور دیگر اداروں کو بہتر تجزیاتی معاونت فراہم کرے گااور اداروں کے درمیان رابطہ اور ہم آہنگی کو بہتر بنائے گا،حقائق اور ڈیٹا کی بنیاد پر فیصلوں میں مدد دے گا،

اے آئی سیل سکیورٹی ڈیٹا کی مکمل رازداری کو یقینی بناتے ہوئے محکمہ داخلہ کو باقاعدہ تجزیاتی رپورٹس پیش کرے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ کوئٹہ کی جامعات بیوٹمز، نسٹ اور ماؤنٹ ویو ٹیکنالوجی پارک کے ساتھ تحقیقی اور تکنیکی تعاون بھی کیا جائے گا۔یہ اقدام بلوچستان میں جدید ٹیکنالوجی پر مبنی طرز حکمرانی کی جانب ایک اہم قدم ہے،

جس کا مقصد عوام کے جان و مال کا تحفظ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے.