|

وقتِ اشاعت :   December 26 – 2025

کوئٹہ:  وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی 18ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید جمہوریت، آئین اور عوامی حاکمیت کی ایک روشن علامت تھیں جنہوں نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر پاکستان میں جمہوری جدوجہد کو نئی سمت دی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے اپنی پوری سیاسی زندگی عوام کے حقوق، آئین کی بالادستی اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے وقف کر دی۔

ان کی قیادت بصیرت، حوصلے اور عوام سے گہرے ربط کی عکاس تھی، جس نے ملک میں جمہوری سوچ کو مضبوط بنیادیں فراہم کیں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے خواتین کو قومی سیاست میں مؤثر اور باوقار کردار ادا کرنے کا راستہ دکھایا اور محروم و کمزور طبقات کی آواز بنیں۔

انہوں نے کہا کہ شہید بی بی کا فکری ورثہ آج بھی عوامی خدمت، رواداری اور جمہوری طرزِ عمل کی صورت میں زندہ ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے مشن، نظریے اور عوامی سیاست کو آگے بڑھاتے ہوئے ملک میں جمہوری اقدار، وفاقی ہم آہنگی اور سماجی انصاف کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان سمیت پورے پاکستان میں عوامی خدمت اور ترقی کا سفر شہید بی بی کے افکار کی روشنی میں جاری رکھا جائے گا۔