کوئٹہ : بلوچستان کے ضلع نصیرآباد میں بم دھماکے سے ہائی وے پولیس کی گاڑی کو نقصان پہنچا تاہم اہلکار محفوظ رہے۔ تفصیلات کے مطابق نصیرآباد کی تحصیل ڈیرہ مراد جمالی کے علاقے پولیس تھانہ نوتال کی حدود چیزل آباد کے مقام پر قومی شاہراہ پر اس وقت دھماکا ہوا جب نیشنل ہائی وے کے پولیس اہلکار درخت کے سایے میں گاڑی پارک کررہے تھے۔نامعلوم دہشتگردوں نے زیر زمین دیسی ساختہ ریموٹ کنٹرول بم نصب کر رکھا تھا ۔ دھماکے کے نتیجے میں گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا تاہم نیشنل ہائی وے پولیس کے اہلکار محفوظ رہے۔ واقعہ کے بعد پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچا اور دھماکے کی جگہ سے شواہد اکٹھے کئے ۔ دھماکا بارودی سرنگ سے بنائے گئے دیسی ساختہ ریموٹ کنٹرول بم کا تھا جس میں دو سے ڈھائی کلو دھماکا خیز مواد اور بیٹری کا استعمال کیا گیا تھا۔