کوئٹہ: محکمہ موسمیات کے مطابق 25 سے 27 جنوری کے دوران بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مزید بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
گوادر (جیوانی، گوادر، پسنی، اورماڑہ)، خضدار، کیچ (تربت)، چاغی (تفتان، نوکنڈی، دالبندین)، پنجگور، قلات، واشک، سوراب، کوئٹہ، ژوب، مستونگ، خاران، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، لورالائی اور آواران اضلاع میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ معتدل بارش متوقع ہے۔
پیش گوئی کے دوران گوادر، آواران، چاغی، پنجگور اور کیچ اضلاع میں بعض مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
اسی طرح کچھی، سبی، زیارت، ہرنائی، دکی، لورالائی اور لسبیلہ اضلاع میں بھی ہلکی بارش اور گرج چمک کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، حرمزئی، خانوزئی، کان مہترزئی، مسلم باغ، لوئی بند، قلعہ عبداللہ اور گلستان کے علاقوں میں پیر سے منگل کے دوران تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی سے درمیانی برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
شدید بارش کے باعث گوادر، جیوانی، پسنی، آواران، چاغی اور کیچ اضلاع میں شہری ندی نالوں اور پہاڑی علاقوں میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔برفباری والے علاقوں میں پھسلن کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے مقامی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر ضروری حفاظتی اقدامات اٹھائیں۔