|

وقتِ اشاعت :   February 4 – 2026

 

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان نے صوبے کے بے روزگار نوجوانوں کے لیے خوشخبری سناتے ہوئے بڑے پیمانے پر سرکاری ملازمتوں کا اعلان کر دیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ (سابق ٹویٹر) پر اپنے ایک اہم بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے گریڈ 1 سے گریڈ 15 تک کی 25 ہزار سے زائد آسامیوں کے اشتہارات جاری کر دیے ہیں۔

شفافیت اور میرٹ کی پالیسی: وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ گریڈ 16 اور 17 کی 4 ہزار آسامیاں پبلک سروس کمیشن کو بھیج دی گئی ہیں تاکہ اعلیٰ عہدوں پر تعیناتیاں مکمل طور پر شفاف طریقے سے ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن محکموں نے ٹیسٹ اور انٹرویو کا عمل مکمل کر لیا ہے، انہیں ہدایت کر دی گئی ہے کہ وہ جلد از جلد امیدواروں کو تعیناتی کے احکامات (Appointment Orders) جاری کریں۔

 گڈ گورننس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ باقی ماندہ تمام خالی آسامیوں پر بھرتی کے لیے محکمہ فنانس کی طرز پر ‘آن لائن ٹیسٹ’ لیے جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد سفارش اور رشوت کے کلچر کا خاتمہ کر کے خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر قابل نوجوانوں کو آگے لانا ہے۔

 اپنے ٹویٹ کے آخر میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ “میں اپنے وعدے پر قائم ہوں کہ بلوچستان کے لوگوں کی کوئی نوکری بیچنے نہیں دوں گا۔ گڈ گورننس کا راستہ صرف اور صرف میرٹ سے ہو کر گزرتا ہے۔” صوبائی حکومت کے اس اقدام کو عوامی حلقوں میں بڑے پیمانے پر سراہا جا رہا ہے اور اسے صوبے کی تاریخ میں روزگار کی فراہمی کا ایک بڑا سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔