کوئٹہ: صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے دی گئی شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کے موقع پر موبائل انٹرنیٹ سروس ایک مرتبہ پھر اچانک معطل کر دی گئی ہے۔ دو روز کی بحالی کے بعد انٹرنیٹ سروس کی دوبارہ معطلی سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ کاروباری طبقہ اور طلبہ بھی اس اچانک فیصلے سے متاثر ہو رہے ہیں۔
یاد رہے کہ شہر میں اس وقت سیاسی جماعتوں کے احتجاج کے باعث ہڑتال جاری ہے، جس کے دوران سیکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے انتظامیہ کی جانب سے مواصلاتی رابطوں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سروس کی معطلی کا مقصد امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول میں رکھنا ہے، تاہم تاحال سروس کی بحالی کے حوالے سے کوئی حتمی وقت نہیں دیا گیا۔