وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ایک روزہ دورے پر چیف منسٹر سیکرٹریٹ کوئٹہ پہنچ گئیں، جہاں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی کابینہ اور اراکین اسمبلی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب کی بلوچستان کابینہ اور اتحادی جماعتوں کے اراکین سے ملاقات ہوئی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مریم نواز شریف کو بلوچستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے لیے دس ارب روپے کی معاونت ایک مثبت اور قابلِ تحسین اقدام ہے، جبکہ بلوچستان میں حکومت اور اپوزیشن عوامی فلاح کے لیے متحد ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ بحیثیت وزیر اعلیٰ ان کا پہلا دورہ بلوچستان کا ہے، بلوچستان کے عوام کا جذبہ اور پاکستان سے وابستگی قابلِ ستائش ہے، حکومت پنجاب بلوچستان کو درپیش چیلنجز میں ہر ممکن تعاون کرے گی، ہم بلوچستان کے ساتھ ہیں اور دہشت گردی کا خاتمہ قومی یکجہتی سے ہی ممکن ہے، جبکہ وہ بلوچستان میں امن، استحکام اور خوشحالی دیکھنا چاہتی ہیں۔