کیچ کی سیاست میں ایک اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے۔ سابق امیدوار صوبائی اسمبلی اور کیچ کی معتبر و بااثر سیاسی شخصیت واجہ کار میر امام بزنجو کے فرزند میر رحیم امام بزنجو نے اسلام آباد میں مکران عوامی کاروان کے چیئرمین شاہد گچکی سے ملاقات کے بعد باقاعدہ طور پر مکران عوامی کاروان میں شمولیت اختیار کر لی۔
ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں خطے کی مجموعی سیاسی صورتحال، عوامی مسائل اور آئندہ انتخابی حکمتِ عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ میر رحیم امام بزنجو نے اس موقع پر شاہد گچکی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مکران عوامی کاروان کے پلیٹ فارم سے عوام کی مؤثر نمائندگی اور خطے کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مکران کے عوام اب روایتی سیاست سے آگے بڑھ چکے ہیں اور ایک منظم، باوقار اور عوام دوست سیاسی قوت کے خواہاں ہیں۔
چیئرمین مکران عوامی کاروان شاہد گچکی نے میر رحیم امام بزنجو کی شمولیت کو خوش آئند اور تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے کیچ کی سیاست میں ایک واضح تبدیلی کا آغاز ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکران عوامی کاروان عوامی اعتماد کے ساتھ ایک مضبوط سیاسی قوت کے طور پر ابھر رہی ہے اور آنے والے دنوں میں یہ جماعت کیچ سمیت پورے مکران میں فعال اور مؤثر کردار ادا کرے گی۔
سیاسی مبصرین کے مطابق میر رحیم امام بزنجو کی شمولیت سے مکران عوامی کاروان کو کیچ میں مزید سیاسی تقویت حاصل ہوئی ہے، جبکہ اس پیش رفت کو آئندہ انتخابات کے تناظر میں ایک اہم صف بندی قرار دیا جا رہا ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ اس اتحاد کے اثرات نہ صرف مقامی بلکہ صوبائی سیاست پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔
Leave a Reply