|

وقتِ اشاعت :   February 16 – 2026

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے آبنائے ہرمز میں ‘سمارٹ کنٹرول آف دی سٹریٹ آف ہرمز’ کے عنوان سے مشقوں کا آغاز کر دیا ہے۔ پاسدارانِ انقلاب کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق اس مشق کا مقصد بحری یونٹس کی عملی تیاری کا جائزہ لینا اور ممکنہ فوجی خطرات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت کو پرکھنا ہے۔

ایرنا نیوز ایجنسی نے پاسدارانِ انقلاب کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ یہ مشق ‘سمارٹ کنٹرول آف دی سٹریٹ آف ہرمز’ کے نام سے کی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس مشق کے مقاصد میں درج ذیل عوام شامل ہیں:

بحری یونٹس کی تیاری کا معائنہ

سلامتی کے منصوبوں اور فوجی جوابی کارروائی کے منظرناموں کا جائزہ

آبنائے ہرمز میں ممکنہ خطرات کے مقابلے کی حکمتِ عملی

خلیج فارس اور بحیرہ عمان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے جغرافیائی فوائد سے استفادہ کرنا

یاد رہے کہ اس سے قبل اطلاع دی گئی تھی کہ پاسدارانِ انقلاب 12 فروری کو آبنائے ہرمز میں مشق کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، تاہم امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے ردِعمل کے بعد کہا گیا کہ کوئی مشق طے نہیں کی گئی۔ اس موقع پر سینٹ کام نے اپنے بیان میں زور دیا تھا کہ پاسدارانِ انقلاب کسی بھی فوجی مشق کو محفوظ اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں تاکہ بین الاقوامی بحری جہاز رانی متاثر نہ ہو۔

یہ مشق ایسے وقت میں کی جا رہی ہے جب تہران اور واشنگٹن کے درمیان نئے مذاکرات کا دور شروع ہونے والا ہے اور امریکی بحریہ کا جدید ترین طیارہ بردار جہاز ‘جرالڈ آر فورڈ’ مشرقِ وسطیٰ کی جانب روانہ ہے تاکہ ‘ابراہم لنکن’ اور اس کے ٹاسک فورس میں شامل ہو سکے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *