|

وقتِ اشاعت :   February 19 – 2026

بی بی سی کے مطابق بلوچستان کے ضلع چاغی کے ایران سے ملحقہ سرحدی شہر تفتان میں ایل پی جی ٹینکر میں آگ لگنے کے باعث کم از کم دو افراد جاں بحق جبکہ بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا ہے۔

ایل پی جی ٹینکر میں آگ گزشتہ شب لگی تھی اور یہ بعد میں ایک بڑے حصے پر پھیل گئی تھی۔ ایس پی چاغی محمد علی نے فون پر بتایا کہ تفتان میں واقع ایل پی جی پلانٹ پر ایک ٹینکر کھڑا تھا جس میں آگ لگی۔

انھوں نے بتایا کہ کچھ دیر بعد ٹینکر میں زوردار دھماکہ ہوا جس سے آگ ایک بڑے حصے پر پھیل گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ آگ سے دو افراد ہلاک ہوئے جبکہ دو زخمی ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر تفتان بھی آگ کی تپش کی زد میں آگئے لیکن ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ایس پی چاغی نے بتایا کہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے تاہم اس کے ملبے سے دھواں ابھی تک اٹھ رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آگ کے باعث مالی لحاظ سے بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں کیونکہ دکانیں، تیل کے ڈپو اور گودام وغیرہ اس کی زد میں آکر جل گئے ہیں۔

ایس ایس پی چاغی نے بتایا کہ نقصانات کا اندازہ لگایا جارہا ہے جبکہ آگ لگنے کی وجوہات کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔

آگ بجھانے کی کوششوں میں جہاں مقامی فائر بریگیڈ کے عملے اور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے حصہ لیا وہاں سرحد پار سے ایرانی فائر فائٹرز کی بھی مدد حاصل کی گئی۔

 

میڈیا رپورٹس کےمطابق بلوچستان کے ضلع چاغی میں تفتان بارڈر کے قریب گیس سے بھرے باؤزر میں آگ لگنے کے بعد زوردار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں  جبکہ اسسٹنٹ کمشنر تفتان سمیت 3  افراد زخمی ہو گئے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق واقعہ تفتان بارڈر کے قریب پیش آیا جہاں اچانک گیس باؤزر میں آگ بھڑک اٹھی۔ آگ کی شدت میں اضافے کے باعث باؤزر میں زور دار دھماکا ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ڈپٹی کمشنر چاغی جہانزیب شاہوانی کے مطابق دھماکے میں 4 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی مرکزِ صحت منتقل کر دیا گیا۔  جہاں ایک زخمی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ۔ متوفی کی شناخت منور علی کے نام سے ہوئی ۔ جبکہ دھماکے میں زخمی ہونے والے دو زخمیوں کو کوئٹہ ریفر کردیا گیا ۔

انہوں نے تصدیق کی کہ اسسٹنٹ کمشنر تفتان نعیم قاسم بھی دھماکے کی زد میں آ کر زخمی ہوئے تاہم وہ زخمی ہونے کے باوجود جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ کر کارروائیاں کر دی ہیں ۔ فائر بریگیڈ عملہ آگ بجھانے میں مصروف ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے میں مزید افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیں جنہیں نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشنز جاری ہیں ۔ جہانزیب شاہوانی نے مزید کہا کہ آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

 
 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *