|

وقتِ اشاعت :   March 25 – 2026

کوئٹہ: امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ حکمران طبقہ حکومتی سطح پر قناعت اور سادگی کو فروغ دے، اور مفت پٹرول، بجلی، گیس سمیت دیگر غیر ضروری مراعات کا خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سرکاری سطح پر وزراء ، بیوروکریسی اور اعلیٰ افسران کو بڑی اور پرتعیش گاڑیوں کے بجائے 1300 سی سی تک کی سادہ گاڑیاں فراہم کی جائیں تاکہ قومی وسائل کا ضیاع روکا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ہر مشکل وقت میں صرف عوام کو قربانی کا بکرا بنانا اور ٹیکسوں و مہنگائی میں مسلسل اضافہ کرنا ایک ظالمانہ روایت بن چکی ہے، جسے فوری طور پر ختم ہونا چاہیے۔ آج عوام غربت اور نانِ شبینہ کے محتاج ہو چکے ہیں جبکہ سرکاری سطح پر شاہ خرچیاں اور مفت خوری عروج پر ہے، جو ناقابلِ برداشت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی اور گوادر میں مختلف تقاریب سے خطاب اور وفود سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل، خصوصاً پانی، روزگار، تعلیم اور صحت کی سہولیات کی عدم دستیابی، حکومتی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے زور دیا کہ حکومت فوری طور پر عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کرے، غیر ضروری اخراجات میں کمی لائے اور وسائل کو عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کرے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہر سطح پر عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی اور ظلم و ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکمران طبقہ خود سادگی اختیار کرے تو نہ صرف قومی خزانے پر بوجھ کم ہوگا بلکہ عوام میں بھی اعتماد بحال ہوگا۔ بصورت دیگر عوامی ردعمل میں اضافہ ہوگا جس کی تمام تر ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہوگی۔