|

وقتِ اشاعت :   March 25 – 2026

کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے رواں مالی سال کے دوران ترقیاتی فنڈز کا 66فیصد حصہ جاری کردیا جبکہ 44فیصد خرچ کرلیا، صوبے میں اب تک 223ارب روپے سے زائد رقم ریلیز جبکہ 147ارب روپے سے زائد خرچ کردی گئی ۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق بلوچستان حکومت نے مارچ کے دوسرے ہفتے تک مالی سال 2025-26کے دوران ترقیاتی مد میں مختص کی گئی 337.8ارب روپے سے زائد رقم میں سے 223.17ارب سے زائد رقم ریلیز کردی ہے

جبکہ اب تک 147.5ارب روپے خرچ کیے جاچکے ہیں ۔ دستاویزات کے مطابق بلوچستان میں رواں مالی سال کے پی ایس ڈی پی میں کل 6710اسکیمات میں سے 3761جاری اسکیمات(آن گوئننگ) کے لیے مختص 151.133ارب روپے میں سے 128.9ارب روپے ریلیز جبکہ 92.64ارب روپے خرچ کئے گئے جو کہ مختص رقم کا 61فیصد ہے ۔

این این آئی کومو صول دستاویزات کے مطابق 2949نئی اسکیمات کے لیے مختص 186.6ارب روپے میں سے 94.25ارب روپے ریلیز جبکہ 54.88ارب روپے سے زائد رقم خرچ کی جاچکی ہے جو کہ مختص رقم کا 29فیصد ہے ۔

دستاویزات کے مطابق صوبائی حکومت نے اب تک مختص رقم کا66فیصد حصہ ریلیز جبکہ 44فیصد حصہ استعمال کرلیا ہے ۔ذرائع کے مطابق گزشتہ سال مارچ کے دوسرے ہفتے کی نسبت موجودہ سال میں حکومت نے 4فیصد رقم زائد ریلیز کی ہے گزشتہ سال مارچ میں حکومت نے اس وقت تک 62فیصد رقم ریلیز جبکہ 51فیصد خرچ کی تھی۔