کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبے میں ٹیلی ہیلتھ کی سہولیات، اپر ڈیرہ بگٹی میں عوامی ماڈل ہیلتھ پلان پر عملدرآمد اور دیگر متعلقہ امور سے متعلق ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں صوبائی وزیر بخت محمد کاکڑ، چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان، سیکریٹری صحت مجیب الرحمٰن پانیزئی سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی اجلاس کو متعلقہ حکام کی جانب سے صوبے میں ٹیلی ہیلتھ کے نظام، اپر ڈیرہ بگٹی میں ماڈل ہیلتھ ڈسٹرکٹ کے قیام اور اس پر عملدرآمد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس موقع پر ہدایت کی کہ اپر ڈیرہ بگٹی اور سوئی کے ہسپتالوں میں درکار افرادی قوت کی بھرتی میں میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میں کسی بھی قسم کے انتظامی یا سیاسی دباؤ کو ہرگز برداشت نہ کیا جائے وزیر اعلیٰ نے صوبے میں ٹیلی ہیلتھ کے نظام کو مزید وسعت دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے دور دراز علاقوں میں طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ضلعی سطح پر معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے انتظامی امور کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ عوام کو بروقت اور مؤثر طبی خدمات میسر آ سکیں اجلاس کو زرغون ہاؤسنگ اسکیم کوئٹہ میں قائم باچا خان میموریل ہسپتال کے امور سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بنیادی مراکز صحت کی بہتری کے ذریعے عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں، جو حکومت کی اولین ترجیح ہیانہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں ٹیلی ہیلتھ کے نظام کو مزید مؤثر اور فعال بنایا جائے گا، تاہم اس کے لیے ایک مضبوط اور مؤثر مانیٹرنگ نظام ناگزیر ہے تاکہ خدمات کی فراہمی میں شفافیت اور معیار برقرار رکھا جا سکے۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت رکھنی تا بیکڑ بلیک ٹاپ روڈ کی تعمیر سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا،
جس میں متعلقہ حکام نے منصوبے پر جاری کام کے حوالے سے بریفنگ دی اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے منصوبے میں سست روی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ متعلقہ تعمیراتی کمپنی، سپرنٹنڈنگ انجینئر (ایس سی) اور ایکسیئن منصوبے کی تکمیل تک موقع پر موجود رہیں تاکہ کام کی رفتار کو تیز کیا جا سکے اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ ہو۔
وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ رکھنی تا بیکڑ روڈ پر بلیک ٹاپ اور پلوں کی تعمیر مقررہ مدت کے اندر ہر صورت مکمل کی جائے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل سے علاقے میں آمدورفت میں بہتری آئے گی اور عوام کو سہولت میسر ہوگی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سیکرٹری مواصلات و تعمیرات کو ہدایت کی کہ وہ ہر ماہ متعلقہ سائٹ کا دورہ کریں اور پیش رفت کی خود نگرانی کریں تاکہ منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل یقینی بنائی جا سکے۔