وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی نے صوبے میں نئے اضلاع بنانے کا اعلان کیا۔
پشین کے علاقے برشور میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز بگٹی کاکہناتھا کہ پشین کے علاقے بر شور کو ضلع کا درجہ دیدیا ہے، اب ترقی کی منازل طے کریں گے یہاں سرکاری اداروں کو ان کے پاؤں پر کھڑ ا کریں گے تاکہ وہ عام آدمی کی خدمت کے قابل بن سکیں۔
تمام بنداسکولوں کو کھولاجائے گا اور لوگوں کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کی جا ئیں گی، اگر کسی نے اس حوالے سے ذمہ داری نہ نبھائی تو اسے سزا ملے گی۔
بلو چستان کے کونے کونے میں جاتا ہوں اور جاتا رہوں گا، اپنے لوگوں کے درمیان جانے سے کوئی رو ک نہیں سکتا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ وہ کسی بھی قسم کی بلیک میلنگ کا شکار ہوئے بغیر صوبے کے تمام علاقوں کو ترقی دیں گے اور عوام کی محرومیوں کا ازالہ ان کی حکومت کا مشن ہے۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہامیں سوشل میڈیا کی مہم جوئی سے مرعوب ہونے والا نہیں ہوں، میرے فیصلے زمینی حقائق اور عوامی مفاد پر مبنی ہوں گے۔
ان کاکہنا تھا کہ کوئی مجھے بلیک میل نہیں کر سکتا، میرا مقصد صرف اور صرف بلوچستان میں امن اور ترقی لانا ہے۔
علاقے کی طبی سہولیات میں بہتری لانے کے لیے وزیراعلیٰ نے ایک اہم اعلان کیا کہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال (THQ) برشور کو اب ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال (DHQ) کا درجہ دے دیا گیا ہے۔
اس اقدام سے مقامی آبادی کو علاج معالجے کی اعلیٰ اور جدید سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آئیں گی۔
وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں اعادہ کیا کہ بلوچستان کی خوشحالی کے لیے امن ناگزیر ہے اور وہ صوبے کے ہر کونے میں ترقی کا پہیہ چلانے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے صوبے کے دیرینہ مسائل حل کرنے اور عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات کی فراہمی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
تعلیم ،صحت کے ساتھ بہترین انفراسٹرکچر، سڑکوں کا جال بچھانا، جدید ٹرانسپورٹ کانظام، مواصلاتی نظام میں بہتری لانا،پانی کے منصوبے، صنعتی زونز سمیت دیگر معاشی منصوبوں پر خصوصی توجہ دینے کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے صوبے میں بڑی مثبت تبدیلی آئے گی جس سے مستقبل میں بلوچستان ترقی کے نئے منازل طے کرے گا۔
امید ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان ایک خوشحال ترقی یافتہ بلوچستان کا خواب پورا کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے اور ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے درپیش چیلنجز کا خاتمہ کرینگے، مفاد عامہ کیلئے مزید اقدامات اٹھائینگے تاکہ بلوچستان کے عوام ان سے مستفید ہوں۔
Leave a Reply