مشرق وسطیٰ میں امریکہ، اسرائیل اورایران جنگ کے باعث عالمی معیشت بری طرح متاثر ہورہی ہے اوراس سے عالمی امن بھی خطرے میں پڑ گیا ہے۔
پاکستان سفارتکاری کے ذریعے جنگ بندی کیلئے موثر کردار ادا کررہا ہے جس کا مقصد علاقائی اور عالمی سطح پر تناؤ میں کمی لانا ہے تاکہ انسانی بحران پیدا نہ ہو۔
بہرحال پاکستان کے کردار کو عالمی سطح پر سراہا جارہا ہے اور سب کی نظریں پاکستان پرلگی ہوئی ہیں کہ جنگ بندی میں پیشرفت ہو اور عالمی سطح پر معیشت پر منفی اثرات نہ پڑیں جس سے لوگوں کی زندگی متاثر ہو۔ پاکستان اپنے عوام کو بھی موجودہ حالات میں ریلیف دینے کے حوالے سے مؤثر کردار ادا کررہا ہے ،کفایت شعاری سمیت دیگر اقدامات سے توانائی بچت کیلئے پالیسی مرتب کی جارہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں معاشی طور پر کمزور طبقے کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، کمزور اور متوسط طبقے کو مزید ریلیف فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں پاکستان میں موجودہ ایندھن ذخائر اور عوامی ریلیف کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا،اس دوران ایندھن بچت اقدامات پر عملدرآمد اور سادگی مہم پر پیشرفت پر انٹیلی جنس بیورو کی آڈٹ رپورٹ بھی اجلاس میں پیش کی گئی، اجلاس کو بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ایندھن کے مناسب ذخائر موجود ہیں اور آئندہ کیلئے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ادویات کا وافر ذخیرہ موجود ہے، بڑی گاڑیوں میں ہائی آکٹین ایندھن پر لیوی میں اضافے سے جیٹ فیول کی قیمتوں میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں آئی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں قربانی کا سلسلہ حکومتی اخراجات میں کٹوتی سے شروع کیا، سرکاری اخراجات میں کمی، ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی اور 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کو فی الفور بند کیا۔
انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کی تجاویز کو بارہا مسترد کرکے بچت اقدامات سے حاصل شدہ رقم عوامی ریلیف کیلئے بروئے کار لائی گئی، ڈیجیٹل نظام کو بروئے کار لاتے ہوئے عوامی ریلیف کے اقدامات عام آدمی تک پہنچائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کمزور اور متوسط طبقے کے لوگوں کو مزید ریلیف فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں معاشی طور پر کمزور طبقے کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، بحران کے باوجود بروقت فیصلوں کی بدولت اللہ کے فضل سے ایندھن کی فراہمی میں کسی قسم کا تعطل نہیں آنے دیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے حوالے سے سفارتی محاذ پر بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔
بہرحال علاقائی امن و استحکام کے لیے موجودہ حکومت کا کردار قابل تعریف ہے اوراپنے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات قابل ستائش ہیں۔
حکومت کی کوشش ہے کہ عوام پر زیادہ مالی بوجھ نہ پڑے اس کے لیے حکومت زیادہ تر مالی بوجھ خود اٹھارہی ہے اس سے عوام میں حکومت کیلئے اچھا تاثر جارہا ہے۔
امید ہے کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی اور تناؤ میں کمی لانے میں کامیاب ہوجائے گا اور ملک کو درپیش مالی مشکلات خاص کر عوام پر زیادہ مالی بوجھ نہیں ڈالے گا۔
Leave a Reply